حیدر علی سے ٹیپو سلطان تک
-دو شیروں کی کہانی
سولہویں صدی عیسوی میں برّ صغیر کے علاقے کلکتّہ میں دریائے ہگلی کے کنارے تجارتی کوٹھیوں سے نکل کر کمپنی بہادر نے پورے ہندوستان میں اپنے قدم جمانے جو شروع کیئے تو وہ جنوبی ہندوستان کی سرحدوں تک آن پہنچی -لیکن جنوبی ہندوستان کے فرماں روا حیدر علی نے ان کو قدم بڑھانے سے روکے رکھا-یہاں پر کمپنی بہادر نے جنوبی ہندوستان کے اندر لالچی لوگوں کو خریدنے کا کام جو شروع کیا تو ایک جانب نظام دکن ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہوئے تو دوسری جانب مرہٹے بھی ان کی فوج سے جاملے -ابھی یہ معرکہ آرائ کسی نتیجہ پر نہیں تھی کہ حیدر علی کا انتقال ہو گیا اور ان کی جگہ ان کا شیر دل بیٹا شیر میسور بن کر سریر آرائے سلطنت ہوا- ایسے وقت میں ٹیپوسلطان نے بڑے چیلنجز کا بڑی بہادری سے مقابلہ کیا- جنوبی ہند میں دو ایسے مجاہد پیدا ہوئے جن کے نام تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ یہ سلطان حیدر علی اور ٹیپو سلطان تھے۔
بنگال اور شمالی ہند میں انگریزوں کو مسلمانوں کی طرف سے کسی سخت مقابلے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ ان کی منظم افواج اور برتر اسلحے کے آگے کوئی نہ ٹھہر سکا لیکن جنوبی ہند میں یہ صورت نہیں تھی۔ یہاں حیدر علی اور ٹیپو سلطان نے قدم قدم انگریزوں کی جارحانہ کارروائیوں کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے بے مثل سیاسی قابلیت اور تدبر کا ثبوت دیا اور میدان جنگ میں کئی بار انگریزوں کو شکستیں دیں۔ انہوں نے جو مملکت قائم کی اس کو تاریخ میں سلطنت خداداد میسور کے نام سے یاد کیا جاتا سلطان حیدر علی نے میسور کے ہندو راجا کی فوج میں ایک سپاہی کی حیثیت سے عملی زندگی کا آغاز کیا لیکن وہ اپنی بہادری اور قابلیت کی بدولت جلد ہی راجا کی فوجوں کے سپہ سالار بن گئے۔ راجا اور اس کے وزیر نے حیدر علی کے بڑھتے ہوئے اقتدار سے خوفزدہ ہو کر جب اس کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تو حیدر علی نے میسور کے تخت پر قبضہ کر لیا۔ راجا کو اس نے اب بھی برقرار رکھا، لیکن اقتدار پوری طرح اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ اس کی حکومت کا آغاز 1761ء سے ہوتا ہے۔ حیدر علی کواپنے 20 سالہ دور حکومت میں مرہٹوں، نظام دکن اور انگریزوں تینوں کا مقابلہ کرنا پڑا۔
اگرچہ ان لڑائیوں میںان کو ناکامیاں بھی ہوئیں، لیکن اس کے باوجود انہوں نے مالابارکے ساحل سے لے کر دریائے کرشنا تک ایک بہت بڑی ریاست قائم کرلی جس میں نظام دکن، مرہٹوں اور انگریزوں سے چھینے ہوئے علاقے بھی شامل تھے۔ انہوں نے میسور کی پہلی جنگ(1767ء تا 1769ء) اور دوسری جنگ(1780ء تا 1784ء) میں انگریزوں کو کئی بار شکست دی۔ دوسری جنگ میں حیدر علی نے نظام دکن اور مرہٹوں کو ساتھ ملا کرانگریزوں کے خلاف متحدہ محاذ بنایا تھا اور اگر مرہٹے اور نظام ان کے ساتھ غداری نہ کرتے اور عین وقت پر ساتھ نہ چھوڑتے تو کم از کم جنوبی ہند سے حیدر علی انگریزی اقتدار کا خاتمہ کردیتے۔ حیدر علی کی ان کامیابیوں کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ اس نے فرانسیسیوں کی مدد سے اپنی افواج کو جدید ترین طرز پر منظم کیا اور ان کو جدید ترین ہتھیاروں سے لیس کیا ابھی میسور کی دوسری جنگ جاری تھی کہ حیدر علی کا اچانک انتقال ہو گیا۔ آپ کے بعد آپکا بیٹا فتح علی ٹیپو سلطان جانشیں ہوا۔ ٹیپو سلطان جب تخت نشین ہوئے تو آپ کی عمر 32 سال تھی۔ آپ ایک تجربہ کار سپہ سالار تھے اور والد کے زمانے میں میسور کی تمام لڑائیوں میں شریک رہ چکے تھے۔ حیدر علی کے انتقال کے بعد آپ نے تنہا جنگ جاری رکھی کیونکہ مرہٹے اور نظام دکن انگریزوں کی سازش کا شکار ہو کر اتحاد سے علاحدہ ہو چکے تھے۔ ٹیپو سلطان نے انگریزوں کو کئی شکستیں دیں اور وہ 1784ء میں سلطان سے صلح کرنے پر مجبور ہو گئ
-ٹیپو سلطان ایک اچھا سپہ سالار ہونے کے علاوہ ایک مصلح بھی تھے۔ سلطان حیدر علی ان پڑھ تھے لیکن ٹیپو سلطان ایک پڑھے لکھے اور دیندار انسان تھے۔ نماز پابندی سے پڑھتے تھے اور قرآن پاک کی تلاوت آپ کا محبوب مشغلہ تھا۔ ٹیپو سلطان نے اپنی ریاست کے عوام کی اخلاقی و معاشرتی خرابیاں دور کرنے کے لیے اصلاحات کیں۔ شراب اور نشہ آور چیزوں پر پابندی لگائی اور شادی بیاہ کے موقع پر ہونے والی فضول رسومات بند کرائیں اور پیری مریدی پر بھی پابندی لگائی۔ٹیپو سلطان نے ریاست سے زمینداریاں بھی ختم کردی تھیں اور زمین کاشتکاروں کو دے دے تھی جس سے کسانوں کو بہت فائدہ پہنچا۔ ٹیپو سلطان نے کوشش کی کہ ہر چیز ریاست میں تیار ہو اور باہر سے منگوانا نہ پڑے۔ اس مقصد کے لیے آپ نے کئی کارخانے قائم کیے۔ جنگی ہتھیار بھی ریاست میں تیار ہونے لگے۔ آپ کے عہد میں ریاست میں پہلی مرتبہ بینک قائم کیے گئے۔ ان اصلاحات میں اگرچہ مفاد پرستوں کو نقصان پہنچا اور بہت سے لوگ سلطان کے خلاف ہو گئے لیکن عوام کی خوشحالی میں اضافہ ہوا اور ترقی کی رفتار تیز ہو گئی۔ میسور کی خوشحالی کا اعتراف اس زمانے کے ایک انگریز نے ان الفاظ میں کیا ہے۔ٹیپو سلطان کے تحت میسور کی یہ ترقی انگریزوں کو بہت ناگوار گزری۔ وہ ٹیپو کو جنوبی ہند پر اپنے اقتدار کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے تھے۔ انگریزوں اور میسور کے درمیان صلح کو مشکل سے چھ سال ہوئے تھے کہ انگریزوں نے معاہدے کو بالائے طاق رکھ کر نظام حیدر آباد اور مرہٹوں کے ساتھ مل کر میسور پر حملہ کر دیا اور اس طرح میسور کی تیسری جنگ (1790ء تا 1792ء) کا آغاز ہوا۔
اس متحدہ قوت کا مقابلہ ٹیپو سلطان کے بس میں نہیں تھا، اس لیے دو سال مقابلہ کرنے کے بعد اس کو صلح کرنے اور اپنی نصف ریاست سے دستبردار ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔ جنگ میں یہ ناکامی ٹیپو سلطان کے لیے بڑی تکلیف دہ ثابت ہوئی آپ نے ہر قسم کا عیش و آرام ترک کر دیا اور اپنی پوری توجہ انگریزوں کے خطرے سے ملک کو نجات دینے کے طریقے اختیار کرنے پر صرف کر نے لگے۔لیکن قدرت کو آپ کی شہادت منظور تھی اس لئے آپ کی اپنی فوج میں غدار وطن میر صادق جیسا ننگ و طن نکلا اور دوسری جانب مرہٹوں کی پوری فوج اپنے کماندار کے حکم پر کمپنی سے جا ملی اس غداری نے جنگ کا پانسہ پلٹ کر مسلمان ریاست کو کمپنی کی جھو لی میں ڈال دیا اور قیامت تک کے لئے ننگ وطن کا داغ اپنے ماتھے پرثبت کر لیا