حال ہی میں مرکزی ہراسمنٹ کمیٹی نے ایک فیکلٹی ممبر کے خلاف سخت فیصلہ کرتے ہوئے انہیں نوکری سے فارغ کردیا، لیکن ہم اس سزا پر عمل درآمد اس لیے نہیں کرسکے کہ ان صاحب کا کیس ہائی کورٹ میں اور گورنر سندھ کے پاس ہے، اب جو عدالت اور گورنر کا فیصلہ ہوگا ہم اس پر عمل درآمد کردیں گے۔ایکسپریس: آ پ جامعہ کراچی کے ’انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائیزیشن ‘ کے بانی ڈائریکٹر بھی رہے ہیں، اس شعبے کے اغراض و مقاصد کیا ہیں؟ڈاکٹرمحمد اجمل خان: پوری دنیا میں بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے میٹھے پانی کے ذخائر کم ہورہے ہیں، دوسری بات یہ کہ جب آپ کوئی اَن کنٹرولڈ فصل کاشت کرتے ہیں تو اس سے بھی زمین میں کھاراپن بڑھ جاتا ہے۔ پودے ایک حد تک نمک برداشت کرتے ہیں، اس کے بعد وہ پنپ نہیں سکتے اور جس زمین پر نمک بڑھ جائے وہاں کوئی اور فصل بھی نہیں لگ سکتی۔
اب تین مسائل ہمیں درپیش ہیں اول، پانی کی کمی، زمین کا کھاراپن اور بڑھتی ہوئی آبادی۔ ان تینوں کو ساتھ ملا لیں یہ ایک تباہی کی ترکیب ہے، یہ صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے، انڈیا کے راجستھان سے لے کر مراکو تک سارا صحرا ہے، جہاں میٹھا پانی نہ ہونے کے برابر یا نہیں ہے۔خلیجی ممالک میں آج بھی پانی پیٹرول سے مہنگا ہے، کیو ں کہ وہ سمندر کے کھارے پانی کو میٹھا کرکے استعمال کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں پودوں کی ڈھائی ہزار اقسام ایسی ہیں جو نمکیات والی زمین پر نشوونما پاسکتے ہیں، ان پودوں کو بایو فیول، کیمیکل، خوردنی تیل، دلیے جانوروں کے چارے اور بہت سے معاشی فوائد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائیزیشن‘ میں ہم ایسے تمام پودوں جیسے ہیلو فائٹ (نمکین زمین قدرتی طور پر اُگنے والا پودا) پر تحقیق اور ان کے اقتصادی استعمال پر کام کرتے ہیں۔
ہم نے دو سال قبل تھر میں آزمائشی طور پر ہیلو فائٹ نسل کی ایک گھاس لگائی تھی، جہاں یہ تجربہ بہت کام یاب رہا ہے۔ سندھ لائیو اسٹاک کا ایک بہت بڑا مرکز ہے، اگر ہم اس گھاس کو پورے سندھ میں لگا دیں تو یہاں قحط کبھی نہیں آئے گا۔ سیم و تھور کی وجہ سے سندھ میں بنجر ہونے والی ہزاروں ایکٹر زمین پر اس نسل کے دوسرے پودے بھی لگائے جاسکتے ہیں۔ اگر ہمارے اس منصوبے کو عملی طور پر صرف تھر میں ہی نافذ کردیا جائے تو تھر پاکستان کا امیر ترین علاقہ بن سکتا ہے ۔ایکسپریس: ایک عام تاثر یہ پایا جاتا ہے کہ جامعہ کراچی میں داخلے اور ملازمت دونوں ہی سفارش اور کسی سیاسی دباؤ کی بنیا د پر ملتی ہیں، یہ بات کس حد تک درست ہے؟ڈاکٹرمحمد اجمل خان: جب میں نے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالا تو داخلے کے لیے سفارش کرنے والوں کی وجہ سے میرا فون بجتا ہی رہتا تھا،
میں نے اس معاملے میں اپنے کئی دوستوں اور بڑے بڑے لوگوں کو بھی ناراض کیا ہے۔ جہاں تک بات ہے تقرری کی تو پچھلے دو سال میں جو انٹری لیول کی بھرتیاں ہوئی ہیں آپ ان کا معیار اٹھا کر دیکھ لیں۔ ہم سلیکشن بورڈ میں پورے پاکستان کے لوگوں کو شامل کرتے ہیں۔ یہاں لوگوں کو تکلیف اسی بات کی ہے کہ ہم نے نئی بھرتیوں میں کرپشن کے دروازے مکمل طور پر بند کردیے ہیں، ہاں جو سیاسی اور سفارشی بنیاد پر مجھ سے پہلے بھرتی ہوچکے ہیں ان کے بارے میں ہم بعد میں فیصلہ کریں گے- اب لوگوں کی سمجھ میں یہ بات بھی آچکی ہے کہ داخلے اور کسی تقرری کے معاملے میں ڈاکٹر محمد اجمل خان سے کسی رعایت یا سفارش کی کوئی امید نہیں ہے۔
ایکسپریس: آپ طلبا یونین کی بحالی کے حق میں ہیں اور آپ نے اپنی تقرری کے بعد چیئرمین سینیٹ کو اس حوالے سے ایک خط بھی لکھا تھا، وہ کیا عوامل ہیں جن کی بنیاد پر طلبا یونینز کو بحال نہیں کیا جارہا؟ڈاکٹرمحمد اجمل خان: بالکل میں طلبا یونین کے حق میں ہوں اور پہلے بھی کئی بار اس بارے میں بات کرچکا ہوں۔ جہاں تک چیئرمین سینیٹ کو خط لکھنے اور کوئی پیش رفت نہ ہونے کا مسئلہ ہے تو یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ جامعات میں ایک کُھلا ماحول ہونا چاہیے، کسی انفرادی رویے اور نظریے پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ سب کو آزادی سے اپنی بات کہنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ اس سے فائدہ یہ ہوگا کہ معاشرے میں برا سمجھا جانے والا آئیڈیا ایک کھلے ماحول میں بحث کے بعد خود ہی ختم ہوجائے گا۔اسے پیش کرنے والے والے لوگ بھی خود ہی سائیڈ لائن ہوجائیں گے،
لیکن اگر آ پ انہیں زور اور جبر سے روکیں گے تو اس سے بغاوت پیدا ہوگی۔ جامعات کا تو کام ہی طلبا کو بحث و مباحثے کا کُھلا ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے علم کی تلوار سے خراب آئیڈیاز کو کاٹ کر ختم کرسکیں ۔ طلبا یونین آئیڈیاز پر بحث و مباحثے اور اچھے آئیڈیاز کے فروغ کے لیے ایک مثبت پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے یہاں طلبا یونین کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا جس سے اس کا اصل مقصد فوت ہوگیا- سیاست کرنا گندا کام نہیں ہے، لیکن سیاست کے نام پر تشدد کرنا، غلط کام ہے، بدمعاشی کرنا گندا کام ہے، یونیورسٹی کے سسٹم پر کنٹرول حاصل کرنا گندا کام ہے۔ایکسپریس: پوائنٹس جامعہ کراچی کا دیرینہ مسئلہ ہے، جامعہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مسائل پر آپ کا کیا کہنا ہےڈاکٹرمحمد اجمل خان: جامعہ کراچی میں 41ہزار طلبا زیرتعلیم ہیں،
ان سب کو گھر سے لانا اور لے جانا انتظامی طور پر ممکن نہیں ہے۔ہمیں ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے جو ایک ارب اسی کروڑ کی گرانٹ دی گئی ہے اس میں پوائنٹس کے لیے دس بسیں بھی شامل ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ جو انحطاط پوری جامعہ کراچی پر آیا اس کے اثرات ٹرانسپورٹ پر بھی مرتب ہوئے۔ پوائنٹس چلانے میں ماہانہ خرچہ ساڑھے تین کروڑ اور ریکوری پچاس لاکھ روپے سے بھی کم ہے۔ اس میں ہونے والی کرپشن کو روکنا ہماری ترجیح تو ہے لیکن ابھی اولین ترجیح اس سے بڑے معاملات میں کرپشن کو روکنا ہے۔ دنیا بھر میں کوئی بھی تعلیمی ادارہ اس بات کا وعدہ نہیں کرتا کہ آپ کو گھر سے لانے لے جانے کے لیے ٹرانسپورٹ دی جائے گی، نوکری دی جائے گی۔آپ نے پڑھنے کے لیے داخلہ لیا ہے تو یونیورسٹی پہنچنا آپ کی ذمے داری ہے، ہاں یونیورسٹی کے اندر شٹل سروس کی فراہمی یونیورسٹی کی ذمے داری ہے ۔
میری ان باتوں کا مطلب یہ نہ لیا جائے کہ ہم پوائنٹ کی سہولت ختم کر رہے ہیں، لیکن ہم ٹرانسپورٹ کے کاروبار سے وابستہ نہیں اور اکتالیس ہزار لوگوں کو لانے لے جانے کے لیے چار سے پانچ ہزار بسیں چاہییں۔ اسے مینیج کرنا، اس میں کرپشن کو روکنا کراچی یونیورسٹی کا کام نہیں ہے۔ایکسپریس: گذشتہ چند سالوں سے جامعہ کراچی کے طلبہ میں انتہاپسندی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے، کیا آپ کو نہیں لگتا کہ طلبا کو صحت مند سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دے کر جامعہ میں انتہاپسندی کا تدارک کیا جاسکتا ہے؟ڈاکٹرمحمد اجمل خان: آپ کا سوال ہمارے ساتھ کچھ زیادتی ہے، یہ سیدھا سیدھا ہم پر الزام ہے۔ کراچی میں جتنی انتہاپسندی ہے جامعہ کراچی میں اس کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے۔ ماضی میں ان الزامات پر جو لوگ پکڑے گئے وہ جامعہ کراچی کے مستقل نہیں بلکہ پاس آؤٹ کرجانے والے طلبا تھے۔
جامعہ کراچی چار سال پہلے پاس آؤٹ کر جانے والے طلبا کی سرگرمیوں کی ذمے دار نہیں ہے۔ ہم نے طلبا کو مختلف مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا شروع کردیا ہے، ہماری اسٹوڈنٹ باڈی، ڈبیٹ کروا رہی ہے، فنکشن کروارہی ہے، ادبی سرگرمیاں کروا رہی ہے، ہم کھیلوں کے ایونٹ منعقد کروا رہے ہیں، پہلے یہ کام سیاسی تنظیموں کے طلبہ ونگ کرتے تھے لیکن ہم نے آہستہ آہستہ ان سے درخواست کی کہ آپ کو جو بھی کام کرنا ہے وہ یونیورسٹی کے پلیٹ فارم سے کریں اور اس میں ہمیں خاطر خواہ کام یابی ملی ہے۔ جب ہم جامعات کی سطح پر طلبا کو مثبت سرگرمیوں کے لیے پلیٹ فارم مہیا کریں گے تو پھر اگر جامعات میں انتہاپسندی ہے بھی تو وہ ختم ہوجائے گی۔ایکسپریس: کن موضوعات پر کتابیں پڑھنے کا شوق ہے؟
ڈاکٹرمحمد اجمل خان: جب میں نے ایم ایس سی کیا تو اس زمانے میں اسٹاف کلب کا بڑا اچھا ماحول ہوا کرتا تھا، بڑے بڑے ادیب وہاں آتے تھے۔ اس ماحول میں ہم نے پڑھنا شروع کیا۔ پھر جب ایک بار یہ سلسلہ شروع ہوا تو پھر جتنے بھی بڑے ادیب تھے، میکسم گورکی، دوستو فسکی، سمر سیٹ موم، ٹالسٹائی، الیگزینڈرا پشکن، جارج ایلیٹ، اور دیگر کئی ادیبوں کو پڑھ ڈالا۔ ہمارا ادب پڑھنے کا طریقہ یہ ہوتا تھا کہ بس بسم اللہ پڑھ کر شروع کیا تو پھر پوری کلیکشن پڑھ کر آگے بڑھتے تھے۔ 1975 سے1980تک پانچ سال بہت ادب پڑھا، لیکن جب پی ایچ ڈی کرنے گئے تو یہ سلسلہ موقوف ہوگیا۔ایکسپریس: آپ کا پسندیدہ شاعر اور ادیب کون ہے؟ڈاکٹرمحمد اجمل خان: پسندیدہ ادیبوں کے حوالے ذہن میں سب سے پہلا نام دوستوفسکی کا آتا ہے، اس کے علاوہ سمر سیٹ موم، الیگزینڈ