یہ تحریر میں نے ان دنوں میں قلم بند کی تھی جب میں عالمی اخبار پر لکھ رہی تھی-ہجرت کا پر مصائب سفر طے کرنے کے بعد جب ہم اپنے تنکوں سے بنے آشیانے میں بیٹھے اس کے بعد میری بسم اللہ کا وقت آیا تب والدہ کے نزدیک میری تعلیمی زندگی کی ابتداء کے لئے ہر بات ثانوی ہو گئ اور میری بسم اللہ کوفوقیت ہو گئ میری والدہ اکثر کہتی تھیں جس نے قران دل لگا کر پڑھنا شروع کیا سمجھ لو علم اس سے خود دوستی کرنے کا خواہا ں ہو جاتا ہے-،مجھے یاد ہے گھر میں ایک خاص چہل پہل سی ہو رہی تھی اور پھر سہ پہر کے وقت پنجتن پاک کی نذراورمرحومین کی فاتحہ بھی بسم اللہ سے پہلے ہی دی گئ تھی،،مجھے میری پیاری امّی جان نے اپنے ہاتھوں سے سموکین کے کڑھے ہو ئے گلے اور پف والی آستینو ں کی فراک زیب تن کی اور پھر میرے والد مرحوم جو خود بڑے ہی علم دوست انسان تھے ان سے کہا آئے بچّی کو بسم اللہ پڑھا دیجئے،
مین تخت پر بچھی اجلی چاندنی پر جا کر بیٹھی اب گھر کے سارے افراد بلا لئے گئے اور تخت پر بھی جگہ نہیں رہی باقی بھی تخت سے نزدیک ہی رہے اور امّی جان نے میرے سامنے اپنے ہاتھ کے کاڑھے ہوئے کار چوبی گلابی تکئے پرعربی قاعدہ رکھ کر اس کا پہلا صفحہ کھولا اور میری انگشت شہادت پکڑ کر حرف الف پر رکھّا ،اور والد صاحب نے مجھے پورے الف تا ے حروف پڑھائے ،اور پھر دعائیں مانگیں جن میں میرے حصول علم کی دعاء اہمیت کی حامل تھی -پھر والد صاحب نے مجھے اپنے ہاتھ سے امّی جان کی تیّار کی ہوئ خوشبودار کھیر کھلائ اور دعا دی اور اپنی حیثیت کے مطابق کچھ نقد رقم بھی ہاتھ پر رکھّی یہ میری بچپن کی زندگی کا خوبصورت اور یادگار دن تھا ،اس دن کے بعد میری امّی جان میرے لئے بھی ا یک ملتانی مٹّی سے نفاست سے لیپی ہو ئ تختی تیّار کرنے لگیں -یہ ہمارے گھر کا دستور تھا کہ جب بچّے کی لکھائ میں پختگی محسوس کی جاتی تب وہ تختی کی لکھائ سے برئ الذّمّہ کیا جاتا تھا ،اگر اس سے پہلے وہ کبھی تختی لکھنے پر چوں چرا کرتا تو امّی جان ناراض ہو کر کہتیں ،پہلے اپنی لکھائ میں پختگی پیدا کرو تب ہی تختی چھوٹے گی ،والدہ گرامی کی اس وقتی سختی نے ہم سب بہن بھائیو ں کی لکھا ئ کو بہت اچھا رنگ دیا اور ہم سب بہن بھائو ں نے اچھّے رسم الخط کو اپنی زندگی مین شامل کر لیا-
زندگی کی مصروفیات میں قلم کی دوستی بھی کیا حسین رنگ بھرتی ہے -میں جب لکھنے یا پڑھنے بیٹھتی ہوں یقین جانیں کہ یا تو نماذ کے لئے ہوش آتا ہے یا بھوک اندر سے احتجاج کرتی ہے تب جاکر اٹھتی ہوں علم کی دنیا حسین دنیا ہے ،اس دنیا مین جانا اس کی سیر کرنا اس سے دوستی کرنا اور پھر کئے رکھنا ،،ایک عجیب سرشاری کی کیفیت میں رکھتا ہےمیں متلاشی تھی اس عنوان کی جو میرے سفر حیات کی کتاب کا سرنامہ بنے ،شاہین کے دئے ہوئے عنوان نے مجھ کو بھی ایک خوبصورت عنوان دے دیا ہئے ،اور یہیں سے ،میں نے اپنے قلمی اور طالب علمی کے شروعا تِ سفر کی بات چھیڑ دی ہئے ۔اور میرے قلم کو بفضل اللہ تعالٰی دو نہیں چار پہیئے مل گئے ہیں جی تو میں بات کر رہی تھی تختی کی ،اس زمانے کا رواج تھا کہ اسکولوں میں بھی ابتدا ئ جماعتوں میں تختی لازمی لکھوائ جاتی تھی ،اس کے لئے میری محنتی ، جفاکش اور سمجھدار ماں نے ا ضافی کام یہ کیا ہوا تھا کہ ہم لکھائ سیکھنے والے بچّوں میں ہر ایک کے لئےکے لئے دو تختیاں رکھی تھیں تا کہ ایک تختی اسکول جائے تو دوسری گھر میں استعمال ہو-اس زمانے میں ہمارے گھرمیں ا یک مٹّی کے کٹورے میں ہمہ وقت ملتانی مٹّی بھیگی رہتی تھی ،
ایک دن میں نے کٹورے سے نکال کرجست کے پیالے میں رکھنی چاہی تو امّی جان نے کہا کہ اس پیالے میں مٹّی نہیں رکھنا ورنہ ملتانی مٹّی کا پانی اوپر ہی تیرتا رہے گا اورتختی کی لپائ میں مشکل پیش آئے گی ،اسوقت میں نے جانا کہ مٹّی کے برتن پانی اپنے اندر جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیںمیں نے بہت جلد تختی تیّار کرنے کا ہنر سیکھ لیا اور پھر جب تختی سوکھ جاتی تھی تب میری پیاری ماں اس پر چوڑی لکیریں کھینچ کر اپنے ہاتھ سے خوش خط تحریر لکھ کر ہم بہن بھائ کو دیتیں اور ہم بچّے برو کے قلم کو سیاہ روشنا ئ میں بھگو کران کے پنسل سے لکھے ہوئے حروف کو دوبارہ لکھتے یوں ہمارا رسم الخط بہتر ہوتا گیااس زمانے کی زندگی مین برو کے قلم کی بہت اہمیت تھی ،یہ قلم دراصل بہت پتلے بانس کی لکڑی سے بنائے جاتے تھے میری معلومات کے مطابق ۔اگر ایسا نہیں ہے تو جس کسی کے بھی علم میں ہو وہ برائے مہربانی بتا کر ثواب دارین حاصل کرےخیر تو اس کے بنانے کا بھی ایک خاص طریقہ تھا چونکہ وہ بہت سخت لکڑی کا ہوتا تھا اس لئے اس کے واسطے بہت تیز چھری استعمال کی جاتی تھی اورقلم کا تحریری حصّہ ترچھا رکھّا جاتا تھا-میری امّی جان کی جانب سے ہر گز اجازت نہیں تھی کہ کوئ بچّہ اپنا قلم خود بنائے گا ،
لیکن میں نے امّی جان سے چھپ کر حسب معمول یہ ہنر بھی جلد سیکھ لیا اور پھر امّی جان سے بتایا کہ آپ خود دیکھ لیجئے کہ میں چھری کو محفوظ طریقے سے چلاتی ہوں کہ نہیں ،بس پھر امّی جان میرے طریقہ کار سے مطمئین ہو گئیں اور مجھے ا پنا قلم خود تیّار کرنے کی اجازت مل گئ-اس زمانے میں بنی بنائ روشنائ کے بجائے گھر میں تیّار کی ہوئ روشنائ استعمال کی جاتی تھی تختیوں پر سیاہ اور کاغذ پر نیلی ہر دو روشنائ کی بنی بنائ پڑیاں بازار سے دستیاب ہوتی تھیں جن کو گھول کر استعمال کیا جاتا تھا ،اس کے بعد کے دور میں کئ برس بعد بنی بنائ روشنائ نے معاشرے میں رواج پایا-یہ تبصرہ بہن عالم آراء نے کیا زائرہ بجو -اّپکی باتوں سے گذرے کل کی کتنی پیاری مہک آرھی ھے-اور اب تو کسی بچے کو تختی کا پتہ ھی نہیں کچھ عر صے کے بعد ھماری آپکی یہ تختیاں جن پر ھم نے لکھنا اور لفظوں سے دوستی کی ابتداء کی تھی کسی میوزیم میں نظر آئنگی مجھے بھی یاد ھے وقت یہ باتیں کہاں بھولنے دیتا ھےکہ میری بھی بسمہ اللہ ھوئ تھی اور میں نے بھی تختی پر لکھنا سیکھا تھاھم نے خوش خطی بھی تختی لکھنے کے ساتھہ ھی سیکھا تھااب تو گھروں میں نماز کی چوکی بھی مشکل سے دستیاب ھوتی ھے
یہ میرے بچپن کی خوبصور یادیں ہیں جو دل کے جزدان میں لپٹی خاموش ہی رہتی ہیں لیکن بہر حال انسان تو بس انسان ہے کسی وقت بھی ان یادوں کا ہر'ہر لمحہ جاگ جاتا ہے
جواب دیںحذف کریں