خانقاہی نظام امن 'اور سکون اور علم و حکمت کی دانائ اور باطنی بینائ تقسیم کرتے رہنے کا مکمل اور شفاف نظام ہے -زمانہ اس بات کا گواہ ہے کہ تقسیم ہند کے بعد پاکستان کے حصے میں جو صاحبان شریعت و طریقت آئے ان میں پیر مہر علی شاہ جیسے نمائیندہ و جان نشین ان کے اجداد و سلف تھے اولاد در اولاد کی کڑیاں جوڑتے ہوئے یہ سلسلہ بالآخر پیر سید نصیر الدین نصیر رحمۃ اللہ علیہ تک آ پہنچا 14-نومبر1949ء کو سرزمینِ گولڑہ شریف پر آپ کی ولادت باسعادت ہوئ - ابتدائی تعلیم آستانہء عالیہ گولڑہ شریف کے علم ومعرفت کے روح پرور ماحول میں اپنے بزرگوں کی سرپرستی میں حاصل کی۔فنِ قراَت وتجوید میں استادالقّراء حضرت قاری محبوب علی لکھنوی سے کمال حاصل کیا۔ درسی کتب نامور مدرس حضرت مولانا فتح محمد گھوٹوی سے پڑھیں جبکہ بخاری شریف،مسلم شریف اور فنون کی بعض اہم کتب ،معروف کتاب’’ مہرِ منیر ‘‘کے مؤلف حضرت مولانا فیض احمدؒ سے پڑھنے کا شرف حاصل کیا۔
آ پ اپنے دادا جان کے لئے فرماتے ہیں کہ دادا حضور حضرت سید غلام محی الدین المعروف بابوجی نے میری باطنی تربیت کا خاص اہتمام کیا تھا -حضرت پیر سید نصیر الدین نصیرؒ خود حضرت بابو جی سرکارؒ کے بارے ارشاد فرماتے ہیں کہ’’بلا شبہ آپؒ کی قدر افزائیوں اور خصوصی نوازشات نے مجھے علم وادب کے میدان میں آگے بڑھنے اور اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کا حوصلہ بخشا۔‘‘آپؒ نے حقیقی معنوں میں مسندِ سجادگی پر بیٹھنے کے تمام تر تقاضوں کو کماحقہ پورا کیا۔آپؒ روائتی سجادہ نشین نہ تھے بلکہ مجددِ ملت مہر علی شاہؒ کی روحانیت ومعرفت اور علم وسلوک کی انمول دولت کے حقیقی وارث ہونے کے ناطے’’نکل کر خانقاہوں سے ادا کر رسمِ شبیری‘‘کا عملی ثبوت پیش کیا۔سلسلہ چشتیہ تونسویہ کے روحانی پیشوا حضرت خواجہ صوفی جمال الدین تونسویؒ المعروف دیوانہء سرکار(خانقاہ دارالجمال،دیپال پور)بھی پیر سید نصیر الدین نصیرؒ کی اسی رسم شبیری کا تذکرہ اپنی مجالس میں بڑے فخر کیساتھ کیا کرتے تھے اور اگر کبھی کوئی آپؒ کے آستانہ پر مرید ہونے کے لیے آتا تو آپؒ اکثراسے پیر سید نصیر الدین نصیرؒ کی خدمت میں بھیج دیتے اور اسے فرماتے کہ’’ پیر سید نصیر الدین نصیرؒ کو میرا سلام کہنا اور انہیں عرض کرنا کہ مجھے دیپال پور سے صوفی جمال الدین دیوانہ نے آپؒ کے دستِ شفقت پر بیعت ہونے کیلئے بھیجا ہے۔
‘یاد رہے کہ صوفی جمال الدین تونسویؒ وہ ہستی ہیں کہ جنہیں 1994ء میں دورانِ حج مدینہ شریف میں ’’سنہری جالیوں‘‘کے سامنے پیر سید نصیر الدین نصیرؒ کی موجودگی میں حضورِ اقدسﷺنے خصوصی طور پرایک خوبصورت’’تسبیح‘‘ عطا فرمائی،جو آپؒ کے تبرکات میں محفوظ ہے ۔پیر سید نصیر الدین نصیرؒ ،موجودہ دور کے خانقاہی نظام سے مطمئن نہ تھے ۔پیر سید نصیر الدین نصیرؒ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ دینِ اسلام کی بے لوث خدمت اور عشقِ مصطفےٰﷺ سے مزین تھا۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں پیر سید نصیر الدین نصیرؒ کی یاد میں ہونے والے ریفرنس کے موقع پر پڑھا جانے والا سید مزمل حسین کے مضمون سے لی گئیں چند سطور پیشِ خدمت ہیں۔’بہت سے لوگوں نے کہا کہ ۔۔۔خورشید چھپ گیا ہے ستارے اداس ہیں۔۔۔ان کا یہ کہنادرست دکھائی دیتا ہے ۔پیر سید نصیر الدین نصیرؒ کو سورج سے تشبیہ دی جاسکتی ہے۔کیوں؟۔۔۔اس لیے کہ انہوں نے روائتی خانقاہی نظام سے منسلک رہتے ہوئے اپنی دنیا آپ پیدا کی۔انہیں سورج سے اِس لیے تشبیہ دی جاسکتی ہے کہ اِن کی کرنیں ہر سُو پڑیں۔وہ ایک پیرزادے تھے چاہیے تو یہ تھا کہ اِس نظام میں رہ کر زندگی گزار دیتے،لیکن انہوں نے سوچا کہ میں پیر تو ہوں لیکن ذرا منفرد پیر بننے میں کیا حرج ہے؟
انہوں نے بھی تو اپنے وقت کے سب سے بڑے فتنے جس کی زد براہِ راست ختم نبوت کے عقیدے پر پڑی تھی،کا بھر پور محاسبہ کیا تھا۔پیر مہرعلی شاہؒ نے بھی تو شاعری کا سہارا لیا تھا اور اپنے پیغام کو لافانی بنا دیا تھا اور پیر سید نصیر الدین نصیرؒ نے بھی شعوری طور پر اِسی راہ پر سفر کیا ۔پیر سید نصیر الدین نصیرؒ کی نظر نے اچھی طرح دیکھ لیا تھا کہ اُن کے زمانے کا ایک فتنہ امتِ مسلمہ میں افتراق کا ہے ۔اور اُن کے زمانے کا دوسرا بڑا فتنہ اُمت کے دلوں سے حبِ رسولﷺ کو ختم کرنا ہے۔پیر سید نصیر الدین نصیرؒ نے اپنی زندگی انہی دو فتنوں کے سد باب کیلئے صَرف کردی۔انہوں اس کیلئے تقریرو تحریر کا بھر پور استعمال کیا۔اللہ تعالیٰ نے اِنہیں جو وجاہت عطا فرمائی تھی اِس کا استعمال کیا اور بھرپور انداز میں اُمت کے اتحاد کی بات کی ۔انہوں نے حبِ رسولﷺ کو مزید پختہ کرنے کیلئے اپنی زبان اور قلم کا خوب استعمال کیا۔پیر سید نصیر الدین نصیرؒ ایسے افراد کے پاس بھی چلے جایا کرتے تھے جن کے باعث انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا تھا،لیکن مجال ہے کہ ان کے جذبے میں کمی آئ ہو-حضرت پیر سید نصیر الدین نصیرؒ اپنے والدِ محترم حضرت غلام معین الدین المعروف بڑے لالہ جیؒ کے 1997ء میں وصال کے بعد مسندِسجادگی پر جلوہ افروز ہوئے۔اور تا دمِ واپسیں ،اس شان سے مسند نشین رہے کہ جس کی مثال بہت کم ملتی ہے،اور پھر 13 فروری 2009 میں اس خورشید تاباں نے دائمی حیا ت کی جانب سفر اختیا ر کیا اور گولڑہ شریف کی دامن میں خاک کی چادر اوڑھ کر سو گئے-آسماں تیری لحد پر شبنم افشانی کرے آمین
مری زندگی تو فراق ہے وہ ازل سے دل میں مکیں سہی
وہ نگاہ شوق سے دور ہیں رگ جاں سے لاکھ قریں سہی
ہمیں جان دینی ہے ایک دن وہ کسی طرح وہ کہیں سہی
ہمیں آپ کھینچے دار پر جو نہیں کوئی تو ہمیں سہی
غم زندگی سے فرار کیا یہ سکون کیوں یہ قرار کیا
غم زندگی بھی ہے زندگی جو نہیں خوشی تو نہیں سہی
سر طور ہو سر حشر ہو ہمیں انتظار قبول ہے
وہ کبھی ملیں وہ کہیں ملیں وہ کبھی سہی وہ کہیں سہی
نہ ہو ان پہ جو مرا بس نہیں کہ یہ عاشقی ہے ہوس نہیں
میں انہیں کا تھا میں انہیں کا ہوں وہ مرے نہیں تو نہیں سہی
مجھے بیٹھنے کی جگہ ملے مری آرزو کا بھرم رہے
تری انجمن میں اگر نہیں تری انجمن کے قریں سہی
ترے واسطے ہے یہ وقف سر رہے تا ابد ترا سنگ در
کوئی سجدہ ریز نہ ہو سکے تو نہ ہو مری ہی جبیں سہی
مری زندگی کا نقیب ہے نہیں دور مجھ سے قریب ہے
مجھے اس کا غم تو نصیب ہے وہ اگر نہیں تو نہیں سہی
جو ہو فیصلہ وہ سنائیے اسے حشر پر نہ اٹھائیے
جو کریں گے آپ ستم وہاں وہ ابھی سہی وہ یہیں سہی
اسے دیکھنے کی جو لو لگی تو نصیرؔ دیکھ ہی لیں گے ہم
وہ ہزار آنکھ سے دور ہو وہ ہزار پردہ نشیں سہی
!BlogThisFacebook پر اشتراک کریںPinterest پر اشتراک کریں
جب اللہ چاہتا ہے زمیں پہ عرش کے تارے بھیج دیتا ہے
جواب دیںحذف کریں